انٹونی بلینکن کا اسرائیلی وزیردفاع سے دوطرفہ تعلقات اورایران کے بارے میں تبادلہ خیال
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے یروشلیم میں اسرائیلی وزیردفاع بینی گینز سے ملاقات میں ایران سے جوہری سمجھوتے سے متعلق امور کے علاوہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
انٹونی بلینکن نے واضح کیا ہے کہ امریکا ایران کے عالمی طاقتوں سے طے شدہ جوہری سمجھوتے میں دوبارہ واپسی سے متعلق کسی فیصلے سے پہلے اسرائیل سے قریبی مشاورت جاری رکھے گا۔
امریکی وزیرخارجہ نے قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کی تھی۔اس کے بعد نیتن یاہو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ’’امریکا ایران سے جوہری سمجھوتے پر دوبارہ دست خط نہیں کرے گا۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ بھی ہوتا ہے،اسرائیل کا ایران سے درپیش جوہری خطرے سے اپنے دفاع کا حق ہمیشہ کے لیے برقرار رہے گا۔
بلینکن اور گینز نے اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ اور غرب اردن میں جنگ بندی کے حالیہ فیصلے کی حمایت کا اظہارکیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دونوں وزراء نے مصراور دوسرے ممالک کے جنگ بندی میں مصالحتی کردار کوسراہا ہے۔
انٹونی بلیکن نے بینی گینز سے گفتگو میں اسرائیل کی سلامتی اور دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تر شراکت داری سے متعلق امریکا کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انھوں نے اس بات پر زوردیا کہ ’’اسرائیلیوں اورفلسطینیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ امن وسلامتی سے رہنے کی ضرورت ہے۔انھیں آزادی ،سلامتی ، خوش حالی اور جمہوریت کے لیے مساوی مواقع حاصل ہونے چاہییں۔‘‘