عرب اتحاد نے بحیرہ احمر میں حوثیوں کی ایرانی ساختہ بارودی سرنگ تباہ کردی
عرب اتحاد نے بحیرہ احمر میں حوثی ملیشیا کی طرف سے نصب کی گئی ایک باردودی سرنگ کا سراغ لگا کر اسے تباہ کیا ہے۔ پیر کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ تباہ کی جانے والی باردودی سرنگ صدف طرز کی ایرانی ساختہ تھی۔
بیان کے مطا بق ’ایران کی مدد سے بحری بارودی سرنگوں کی تنصیب بین الاقوامی جہاز رانی اور عالمی تجارت کے لیے سنگین خطرہ ہے‘۔
عرب اتحاد نے تصدیق کی کہ اب تک حوثی ملیشیا کی طرف سے لگائی گئی 205 بحری بارودی سرنگوں کا سراغ لگا کر انہیں تباہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل عرب اتحاد نے کہا تھا کہ بحیرہ احمر کے جنوب میں حوثی ملیشیا کی بارودی کشتی کو تباہ کیا ہے۔ ’بر وقت کارروائی کرکے بارودی کشتی کو تباہ کردیا گیا ورنہ حوثی باغی تخریبی کارروائی کے قریب تھے‘۔
عرب اتحاد کے مطابق’حوثی ملیشیا الحدیدہ بندرگاہ کو تخریب کاری کا اڈہ بنا رکھا ہے، وہ عالمی معاہدوں کی پروا کیے بغیر عالمی تجارت کے محفوظ راستوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے‘۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشتگروں کی بارود بردار بوٹ حملے کی مذمت کی ہے۔