سعودی عرب میں وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز کروناوائرس کے 1106نئے کیسوں کے اندراج کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے کووِڈ-19 کا شکارمزید 14 مریض وفات پاگئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق مملکت میں اب کروناوائرس کے کل کیسوں کی تعداد 448284 ہوگئی ہے۔ان میں سے 7334 مریض وفات پاچکے ہیں۔
آج پہلی مرتبہ مکہ مکرمہ میں سب سے زیادہ 325کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اس سے پہلے دارالحکومت الریاض میں سب سے زیادہ یومیہ کیس ریکارڈ کیے جاتے رہے ہیں۔الریاض میں 319 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور قصبوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
دریں اثنا سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات اور امریکا سمیت گیارہ ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو 30مئی سے داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ان ممالک میں پاکستان شامل نہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جن ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو اتوار سے مملکت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی،ان میں امریکا اور یوے اے ای کے علاوہ جرمنی ،آئیرلینڈ ، اٹلی،برطانیہ، پرتگال،سویڈن ،سوئٹزرلینڈ ،فرانس اور جاپان شامل ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ ان ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے مملکت میں داخلے پر عاید پابندی ختم کرنے کا فیصلہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں کیا گیاہے۔
ڈبلیوایچ او کے مطابق ان ممالک نے کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مؤثراقدامات کیے ہیں۔تاہم مذکورہ ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو سعودی عرب میں آمد کے بعد قرنطین میں رہنا ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے تین فروری کو دنیا کے بیس ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں پر کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے خدشے کے پیش نظرمملکت میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔