اسرائیلی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ 'نیو رائٹ' پارٹی کے سربراہ نفتالی بینیٹ اتوار کے روز اس بات کا اعلان کر سکتے ہیں کہ وہ حکومت کی تشکیل کے واسطے اپوزیشن لیڈر یائر لبید کے ساتھ شامل ہو سکتے ہیں۔ یہ بات اس معاملے کی آگاہی رکھنے والے ذرائع نے انگریری ویب سائٹ Axiosکو بتائی۔
اگر تبدیلی کی حامل نئی حکومت تشکیل پا گئی تو بینیٹ اسرائیل کے وزیر اعظم بن جائیں گے اور اس طرح بنیامین نیتن یاہو کا 12 سالہ اقتدار اختتام پذیر ہو جائے گا۔
تین ہفتے قبل یائر لبید اقتدار کی تقسیم والی حکومت تشکیل دینے کے قریب پہنچ گئے تھے۔ اس حکومت میں پہلے دو سال بینیٹ کو وازرت عظمی سنبھالنا تھی اور اس کے بعد اگلے دو سال لبید کو وزیر اعظم بننا تھا تاہم غزہ میں لڑائی کے سبب بینیٹ اپنے موقف سے پیچھے ہٹ گئے۔

ہفتے کی شب بینیٹ نے حکومتی تشکیل کے لیے پھر سے مشاورت کی اور اتوار کی صبح وہ پارلیمنٹ میں اپنی پارٹی کے ارکان کا اجلاس منعقد کریں گے۔ اجلاس میں "تبدیلی حکومت" میں شمولیت کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ کی آراء معلوم کی جائیں گی۔
اگر نئی حکومت تشکیل پا گئی تو یہ اسرائیل میں تشکیل پانے والا وسیع ترین اتحاد ہو گا۔ لہذا نئی حکومت بھی موجودہ حکومت کی طرح نہایت کمزور ہو گی۔