تھائی لینڈ میں حکام نے بتایا ہے کہ بینکاک میں یوکرائن کے سفیر اینڈرے پیشتا کی طبیعت آج اتوار کے روز اچانک تیزی سے بگڑ گئی جس کے بعد وہ فوت ہو گئے۔ یوکرائن کے 44 سالہ سفیر اپنے اہل خانہ کے ساتھ جنوبی صوبے سیتون کے سیاحتی جزیرے لیپ میں موجود تھے۔
پولیس نے یوکرائن کے سفیر کے نوجوان بیٹے کے حوالے سے بتایا کہ اتوار کی صبح ہوٹل میں اس کے والد اچانک بے ہوش ہو گئے۔ پولیس کو شبہہ ہے کہ اینڈرے پیشتا کو دل کا دورہ پڑا۔ حکام کے مطابق سفیر کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے پولیس ہسپتال بھیج دیا گیا۔
اینڈرے کو جنوری 2016ء میں تھائی لینڈ میں یوکرائن کا سفیر مقرر کیا گیا تھا۔ سفارت خانے کی ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے پسماندگان میں ایک بیوہ ، دو بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔