یو اے ای:جی ایس کے کی کووِڈ-19 کی دوا سوٹروویمیب کے ہنگامی استعمال کی منظوری
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ صحت نے برطانیہ کی دواساز فرم گلیکسواسمتھ کلائن (جی ایس کے) کی تیارکردہ کووِڈ-19 کی دوا سوٹروویمیب وی آئی آر-7831کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
یواے ای دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے اس دوا کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی ہے۔یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق اس دوا کے ہنگامی استعمال سے کروناوائرس کا شکار افراد کو 24 گھنٹے سے زیادہ عرصے تک اسپتال میں لے جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔نیز اس کے استعمال سے کروناوائرس سے اموات میں 85 فی صد تک کمی واقع ہوگی۔
وام نےاتوار کو جاری کردہ بیان میں مزید کہا ہے کہ کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد اس دوا کو 12 سال یااس سے زیادہ عمر کے مریضوں کو استعمال کرایا جاسکتا ہے۔
یواے ای میں اس دوا کی منظوری کووِڈ-19 کی وبا کے خلاف جنگ میں ایک اہم پیش رفت قراردی جارہی ہے۔اس سے کروناوائرس کی نئی شکلوں کے علاج میں بھی مدد مل سکے گی۔اس دوا کے ساتھ ویکسین کے استعمال سے کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں بھی کمی واقع ہوگی۔