حوثیوں کی جانب سے خمیس مشیط پر بارودی ڈرون سے حملے کی ایک اور کوشش ناکام
یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد نے آج اتوار کو علی الصبح اعلان میں بتایا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط کی سمت بھیجے جانے والے ایک دھماکا خیز ڈرون طیارے کو فضا میں تباہ کر دیا۔
عرب اتحاد نے باور کرایا کہ دہشت گرد حوثی ملیشیا مملکت میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔
اتحاد کا مزید کہنا ہے کہ وہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو دشمن کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے ہفتے کو علی الصبح ایک اعلان میں بتایا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی سمت داغے جانے والے بارودی ڈرون طیارے کو تباہ کر دیا۔ یہ ڈرون طیارہ یمن میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔
یاد رہے کہ ایران نواز حوثی ملیشیا نے حالیہ عرصے میں سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ان کوششوں پر کئی عرب اور مغربی ممالک کی جانب سے مذمت سامنے آئی ہے۔