.

عجمان پولیس نے 81لاکھ ڈالر مالیت کی پرتعیش جعلی اشیاء ضبط کرلیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں شامل امارت عجمان کی پولیس نے بین الاقوامی برانڈز کی نقل ایک لاکھ 20 ہزار جعلی اشیاء ضبط کر لی ہیں۔ان کی مالیت 8168155 ڈالر بنتی ہے۔

ضبط شدہ مال میں جعلی ڈیزائنروں کی گھڑیاں، دستی بیگ، سن گلاسز، کپڑے اور دوسری اشیاء شامل ہیں۔

عجمان پولیس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پولیس آپریشنز بریگیڈئیر جنرل خالد محمد النعیمی نے بتایا ہے کہ ان کے شعبہ تفتیش جرائم کو عجمان میں واقع مختلف دکانوں پرجعلی اشیاء فروخت ہونے کی اطلاع ملی تھی لیکن ان پر مشہور لگژری ٹریڈمارک کندہ تھے۔ان میں سے بعض برانڈز میں لوئی ووئتن ،گوچی ، باس ، ہرمز،چینل ، ڈائیر،کارٹائر ، فینڈی اور رولیکس شامل ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے دکانوں پرچھاپا مار کارروائی کی ہے اور ان جعلی اشیاء کو قانونی طور پرضبط کر لیاہے۔

یواے ای میں جعلی اشیاء کے دھندے کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں اور اسی بنا پرمئی کے آخر میں اس کا نام امریکا کی حقوق دانش کی واچ لسٹ سے خارج کردیا گیا تھا۔

یو اے ای کی وفاقی کسٹمز اتھارٹی (ایف سی اے) کے مطابق 2019ء میں 67 دکانوں سے 168251جعلی اشیاء کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا تھا۔ایف سی اے کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ای کامرس کے فروغ کی وجہ سے 2019ء میں 2018ء کے مقابلے میں ڈاک اور ایکسپریس کھیپوں کے ذریعے آنے والی بہت سی اشیاء کو ضبط کیا گیا تھا۔ ضبط شدہ بیشتر اشیاء فلپائن سے یو اے ای میں بھیجی گئی تھیں۔