سعودی عرب:بازارِحصص تداول میں فنی خرابی؛ کاروبارعارضی معطلی کے بعدبحال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کی اسٹاک ایکسچینج ’’تداول‘‘ کو بدھ کو ایک فنی مسئلہ کے بعد کاروبارعارضی طور پر معطل کرنا پڑا ہے لیکن کچھ وقفے کے بعد کاروباری سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوگئی ہیں۔

الریاض میں سعودی اسٹاک ایکس چینج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’فنی خرابی کو دور کردیا گیا ہے اور کاروباری سرگرمیاں اب معمول کے مطابق جاری ہیں۔‘‘

Advertisement

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق قبل ازیں مملکت کی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے تداول میں ایک غیرمتوقع فنی خرابی کے بعد حصص کے لین دین کی سرگرمی کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اسٹاک مارکیٹ نے کاروبار کی عارضی معطلی سے تاجروں کو جس پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے،اس پر معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ تداول کی شفافیت اور مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔

واضح رہے کہ تداول عرب دنیا کی سب سے بڑی اسٹاک ایکس چینج ہے۔اس کے اثاثوں کی مالیت 20 کھرب 60 ارب (2۰6 ٹریلین) ڈالر ہے۔

سعودی اسٹاک ایکس چینج کو اب ایک ہولڈنگ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا ہے اور اس کو سعودی تداول گروپ کا نام دیا گیا ہے۔اس گروپ کے چیف ایگزیکٹو خالد الحسن کے مطابق اسی سال اس کا اندراج کرایا جائے گا۔

اس گروپ کے چار ذیلی ادارے ہوں گے:سعودی ایکس چینج ،سکیورٹیز کلیئرنگ ،ڈیپازٹ کا کاروبار اور ٹیکنالوجی کی خدمات۔یہ گروپ اسی سال پہلی مرتبہ مارکیٹ میں اپنے حصص (آئی پی او)فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔اس مقصد کے لیے اس نے جے پی مورگن ،سٹی گروپ سعودی نیشنل بنک کی سکیورٹیز شاخ کی خدمات حاصل کی ہیں۔یہ مالیاتی ادارے اس کے آئی پی او جاری کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں