.

غزہ میں جنگ سے تباہ عمارتوں کا ملبہ صاف کرنے کے لیے مشینری غزہ داخل

مصر کا مشینری اور عملہ بھیجنے سے قبل فلسطینی اتھارٹی اور حماس سے رابطہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کل جمعہ کے روز مصر سے تعمیراتی مشینری، تعمیراتی سامان اور ماہرین تعمیرات کی ٹیموں پر مشتمل درجنوں افراد فلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ کی پٹی پہنچے۔ مصر سے آنےوالے ماہرین اسرائیلی بمباری سے ہونے والی تباہی کے بعد ملبہ ہٹانے اور تعمیراتی کام شروع کریں گے۔ العربیہ چینل کو اپنے ذرائع سے خبر ملی ہے کہ مصر نے تعمیراتی مشینری اور عملہ غزہ بھیجنے سے قبل غزہ کی حکمراں حماس اور رام اللہ میں قائم فلسطینی اتھارٹی سے بھی رابطہ کیا تھا اور دونوں کو اس حوالے سے آگاہ کیا تھا۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ مصرسے ماہرین اور تعمیراتی مشینری غزہ کی واحد بین الاقوامی گذرگارہ رفح سے غزہ لائی گئی۔ مصر کے اس اقدام کا مقصد جنگ زدہ فلسطینی علاقے میں ہونے والی تباہی کے بعد ملبہ ہٹانا اور تعمیر نو کا کام شروع کرنے میں مدد دینا ہے۔ مصر سے آنے والی مشینری تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ صاف کرے گی۔

خیال رہے کہ 10 سے 21 مئی کے دوران اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر عمارتیں تباہ ہوئی ہیں۔ مصر نے 18 مئی کو غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی رقم ادا کرنے کا اعلان کیا تھا۔