.
غزہ وحماس

فلسطینی قوم کے ساتھ تعلقات کو ازسرنومرتب کرنے کے لیے پُرعزم ہیں: بلینکن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے کہا ہے کہ ان کا ملک فلسطینی عوام کے ساتھ اپنے تعلقات کو از سر نو مرتب کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بلنیکن نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی سلامتی، آزادی، مواقع اور وقار کے مساوی اقدامات کے مستحق ہیں۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے امریکا میں یہود دشمنی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور یہود مخالف واقعات کی روک تھام کے اقدامات کے عزم کا اظہار کیا۔

مئی میں بلینکن نے یروشلم میں امریکی قونص خانے کو دوبارہ کھولنے کے لیے امریکی عزم کا اعلان کیا تھا۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینیوں کے ساتھ تعلقات اور رابطے محدود کر دیے تھے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے جمعرات کے روز واشنگٹن میں اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز سے ملاقات کی۔ بلینکن نے وضاحت کی کہ انہوں نے گینٹز سے غزہ کی تعمیر نو اور امداد کی فراہمی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

گینٹز نے اپنی گفتگو میں خطے میں استحکام کی بحالی کی اہمیت پر زور دیا اور چیلنجوں کا سامنا کرنے میں تل ابیب کی حمایت کرنے پر بائیڈن انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

گینٹز نے واشنگٹن کے دورے کے دوران امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے بھی ملاقات کی اور دونوں رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایران کے جارحانہ اقدامات کو روکنے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ایرانی ریشہ دوانیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کا عزم کیا۔