.

حوثیوں کی خمیس مشیط پر حملے کی کوشش ، امارات کی جانب سے شدید مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات نے ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط میں شہریوں اور شہری مقامات کو منظم طور پر نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بارودی ڈرون طیاروں کے ذریعے حملے کی ان کوششوں کو عرب اتحاد کی افواج نے ناکام بنا دیا۔

اماراتی وزارت برائے خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے ان دہشت گرد حملوں کا جاری رہنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ عالمی برادری کو کھلم کھلا چیلنج کر رہے ہیں اور تمام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔

بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان پے در پے کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن موقف اختیار کرے۔ ان کارروائیوں کا مقصد سعودی عرب کی سلامتی، مملکت میں اہم اور شہری تنصیبات، اور توانائی کی عالمی ترسیل اور عالمی معیشت کے استحکام کو نشانہ بنانا ہے۔

اماراتی وزارت نے ایک بار پھر اس موقف کو دہرایا کہ متحدہ عرب امارات ان دہشت گرد حملوں کے خلاف مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یک جہتی اور یگانگت کا اظہار کرتا ہے اور اس موقع پر مملکت کے ساتھ کھڑا ہے۔

بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور مملکتِ سعودی عرب کا امن "اٹوٹ انگ" ہے۔ مملکت کو درپیش کسی بھی خطرے کو امارات اپنے امن و استحکام کے لیے خطرہ شمار کرے گا۔