.

یواے ای میں ویکسین لگوانےوالوں کے لیے خوش خبری؛اسپین کاقرنطین فری سفرکریں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کووِڈ-19 کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے افراد کو اتوار کو ایک نئی نوید سنائی ہے کہ وہ سوموار7 جون سے اسپین کے سفرپر روانہ ہوسکتے ہیں اور وہاں پہنچنے پر انھیں قرنطین میں رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اماراتی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیاح اب یو اے ای سے اسپین کا قرنطین فری سفر کرسکتے ہیں لیکن اس کی شرط یہ ہوگی کہ انھوں نے سفرپرروانہ ہونے کی تاریخ سے دو ہفتے قبل مکمل ویکسین لگوا رکھی ہو۔

اس کے علاوہ ان کے پاس ویکسین لگوانے کا سرٹی فیکیٹ ہونا چاہیے اور اس پریہ اندراج ہونا چاہیے کہ حامل ہٰذا نے یورپی میڈیسنز ایجنسی (ای ایم اے)یا عالمی ادارہ صحت کی ایمرجنسی فہرست میں شامل ویکسینوں میں سے کوئی ایک ویکسین لگوارکھی ہے۔ان میں فائزر،بائیواین ٹیک ،آسٹرازینیکا اور سائنوفارم کی ویکسینیں شامل ہیں لیکن ان کے علاوہ مزید بھی منظورشدہ ویکسینیں ہوسکتی ہیں۔

البتہ جن لوگوں نے کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین نہ لگوائی ہو،انھیں پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی اور یہ اسپین میں آمد سے 48 گھنٹے قبل ہونا چاہیے۔

چھے سال سے کم عمرجن بچّوں کو ابھی ویکسین نہیں لگی لیکن ان کے والدین یا سرپرستوں کو ویکسین کے دونوں انجیکشن لگ چکے ہیں تو وہ بھی اسپین کے سفرپر جا سکتے ہیں۔ البتہ چھے سال سے زیادہ عمر کے بچّوں کو اسپین پہنچنے پر پی سی آر کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔

ہسپانیہ جانے والے تمام مسافروں کو اپنی آمد سے قبل آن لائن ہیلتھ کنٹرول کا فارم پُرکرکے جمع کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ مختلف ممالک میں موسم گرما کی تعطیلات کے آغاز پر کووِڈ-19 سے بچاؤ کے لیے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔یو اے ای کے مکین اب الامارات ائیرلائنزکی پروازوں کے ذریعے دنیا کے 19 ملکوں کے 30 شہروں میں جاسکتے ہیں۔

اماراتی حکومت کے بیان کے مطابق اس وقت الامارات ائیرلائنزکی ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ کے لیے ہفتے میں پانچ اور بارسلونا کے لیے چار پروازیں چلائی جارہی ہیں۔مستقبل قریب میں مانگ بڑھنے کی صورت میں مزید پروازیں بھی چلائی جاسکتی ہیں۔