عراق کے شہر بصرہ میں ایک سڑک پر پڑی بچے کی لاش نے ہرطرف غم وغصے اور صدمے کی کیفیت پیدا کر دی۔
بصرہ کےشہریوں اور سماجی کارکنوں نے بغداد کے بن الخطیب اسپتال میں پیش آنے والے آتش زدگی کے سانحے کے بعد ایک نومولود بچے کی سڑک پر پڑی لاش کو بھی شدید صدمہ قرار دیا۔ یہ لاش جنوبی عراق کے شہر بصرہ کے باہر ایک سڑک پر پڑی پائی گئی۔
سماجی کارکنوں نے اس کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے اور بتایا ہے کہ اسپتالوں میں لاشوں کو رکھنے کے لیے کولڈ اسٹوریج کی بندش اور اسپتالوں کی نگرانی کی مستقل کوششوں کی عدم موجودگی انسانی لاش کی بے حرمتی کا اصل سبب ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر شہریوں کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہےکہ بچے کی لاش بصرہ کے الموانی ٹیچنگ اسپتال کے قریب پائی گئی۔
بعض شہریوں نے اسے الموانی اسپتال کا مجرمانہ اسکینڈل قرار دیا۔