افغانستان : طالبان کے حملے میں بارودی سرنگیں ہٹانے والے درجنوں کارکنان ہلاک
افغان وزارت داخلہ کے ایک اعلان کے مطابق افغان طالبان نے ملک کے شمالی صوبے بغلان میں بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے ولاے درجنوں کارکنان کو موت کی نیند سلا دیا۔
وزارت داخلہ کے ترجمان طارق عریان نے آج بدھ کے روز صحافیوں کو بتایا کہ نقاب پوش مسلح طالبان بارودی سرنگیں ہٹانے کی ذمے دار ایجنسی کے کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے اور اندھا دھند تمام لوگوں پر فائرنگ کر دی۔
بغلان صوبے کے والی کے ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب حکومتی فورسز کے زیر کنٹرول علاقے میں پیش آیا۔
افغانستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے جہاں سب سے زیادہ بارودی سرنگیں موجود ہیں۔
بغلان صوبے میں گذشتہ ماہ حکومتی فورسز اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔
پر تشدد واقعات میں اضافہ مئی کے اوائل میں امریکی افواج کے انخلا کا آخری مرحلہ شروع ہونے کے ساتھ بڑھ گیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اس مرحلے کا حکم اپریل میں دیا تھا۔
انخلا کا آخری مرحلہ 11 ستمبر تک مکمل ہونا مقرر ہے۔