ایران: صوبہ البرز میں ایک فوڈ فیکٹری میں آتش زدگی؛24 افراد زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایران کے صوبہ البرز میں ایک فوڈفیکٹری میں آتش زدگی کے واقعے میں 24 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔فوری طور پر فیکٹری میں آگ لگنے کی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی ایسنا کے مطابق البرز میں میڈیکل ایمرجنسی سنٹر کے سربراہ مہرداد بابئی نے بتایاہے کہ ’’آگ زیادہ نہیں پھیلی تھی اور اس پر فوری طورپرقابو پالیا گیا ہے۔‘‘

انھوں نے بتایاکہ ’’آگ سے جھلسنے والے ایک شخص کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ باقی افراد کی حالت مستحکم ہے۔‘‘

ایرانی میڈیا نے گذشتہ بدھ کے بعد سے آتش زدگی کے چارمختلف واقعات کی اطلاع دی ہے۔اسی روز خلیج عُمان میں ایرانی بحریہ کے سب سے بڑے جہازمیں آگ لگ گئی تھی اور اس کے بعد یہ غرق ہوگیا تھا۔

بدھ ہی کوایرانی دارالحکومت تہران کے نزدیک واقع شہرِرے میں شاہد تونگویان آئل ریفائنری میں شدید آگ بھڑک اٹھی تھی۔تہران کی کرائسیس مینجمنٹ ٹیم کے ڈائریکٹرجنرل منصوردرجاتی کے مطابق’’ریفائنری کی پائپ لائنوں میں سے ایک سے تیل رسنے کے بعد آگ لگی تھی اورپھرریفائنری میں موجود تیل ذخیرہ کرنے کے 18 ٹینکوں تک پھیل گئی تھی۔‘‘

واضح رہے کہ ایران میں جون 2020ء کے بعد فوجی ، جوہری اور صنعتی تنصیبات میں آتش زدگی یا دھماکوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔چند روز قبل ایران کے جنوب مغربی شہر بوشہر میں واقع جوہری پاور پلانٹ کے نزدیک آگ لگ گئی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں