.

یواے ای: کسٹمز نے 2020ء میں 923724 جعلی اشیاء ضبط کرلیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں کسٹمز نے سال 2020ء کے دوران میں 923724 جعلی اشیاء ضبط کی ہیں۔

یواے ای کے کسٹمزکمشنراور فیڈرل کسٹمز اتھارٹی (ایف سی اے)کے چیئرمین علی النیادی کا کہنا ہے کہ جعلی اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام اور حقوقِ دانش کا تحفظ ان کے محکمے کے اوّلین فرائض میں شامل ہے۔

وام کے مطابق انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایف سی اے اور کسٹمز کے مقامی محکمے معاشرے ،صارفین ، ٹریڈمارک کے حاملین اورنجی شعبے کواقتصادی ، تجارتی اور سماجی نقصان سے بچانے کے لیے جعلی اشیاء کو ضبط کررہے ہیں اوران جعلی اشیاء کو معاشرے میں پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

وام کے مطابق ضبط شدہ جعلی اشیاء میں 70۰73 فی صد سمندر کے راستے یواے ای میں لائی گئی تھیں،19۰51 فی صد فضائی ٹرانسپورٹ اور 4۰88 فی صد زمینی راستے سے لائی گئی تھیں۔

علی النیادی نے کسٹمزکے مقامی محکموں کی 2020ء میں جعلی اشیاء کی ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کوششوں کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ دبئی کسٹمز کے اقدامات کے نتیجے میں یو اے ای کا نام امریکا کی حقوق دانش واچ لسٹ سے حذف کرانے میں مددملی ہے۔

دبئی کسٹمز نے جعلی مصنوعات کی یو اے ای میں درآمدات کو روکنے کے لیے مربوط کاوشیں کی ہیں۔اس کی وجہ سے امریکا کے دفتر برائے ٹریڈ ریپریزینٹیٹو کی خصوصی رپورٹ 2021ء میں یو اے ای کا درجہ بڑھا دیا گیا ہے۔

جون کے اوائل میں یو اے ای میں شامل امارت عجمان نے بین الاقوامی برانڈز کی ایک لاکھ 20ہزارجعلی اشیاء ضبط کرنے کی اطلاع دی تھی۔ان کی کل مالیت 8168155 ڈالر بنتی تھی۔ان ضبط شدہ اشیاء میں جعلی ڈیزائنروں کی گھڑیاں، دستی بیگ ،دھوپ سے بچانے والے چشمے ، کپڑے اورعام استعمال کا دوسرا سامان شامل تھا۔