.
یمن اور حوثی

مآرب میں حوثی ملیشیا کی 75 فی صد جنگی صلاحیت تباہ کردی گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر عبدہ مجلی نے کل ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ عرب اتحادی فوج کی معاونت سے یمنی فوج نے مآرب گورنری میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جمع کی گئی 75 فی صد جنگی صلاحیت تباہ کردی ہے۔

ایک پریس بیان میں بریگیڈیئر مجلی نے کہا کہ یمن کی افواج نے مآرب گورنری کے اہم مقامات پر اپنا کنٹرول بحال کرنے کے ساتھ باغیوں کی سپلائی لائنیں کاٹ دی ہیں اور ان کی طرف سے کیے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کا بھرپور دفاع کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الجوف اور مآرب گورنری میں حوثی ملیشیا کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔ یمنی فوج مآرب میں بھرپور پیش قدمی کررہی ہے اور دشمن کو بھاری جانی نقصان سے دوچارکیا گیا ہے۔

بریگیڈیئر عبدہ المجلی نے کہا کہ عرب اتحادی فوج نے حوثی ملیشیا کی گاڑیوں اور ان کے ٹھکانوں پر کئی فضائی حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں حوثی باغیوں کی دسیوں فوجی گاڑیاں تباہ کردی گئی ہیں۔ ان میں بکتر بند گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ مآرب میں المشجح، الکسارہ، جبل مراد اور صرواح کے محاذوں پر حوثیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔

ادھر یمنی فوج نے جبل مرادر اور مآرب شہر پرحوثیوں کی طرف سے بھیجے جانے والے بمبار ڈرون طیارے تباہ کر دیے۔

الجوف گورنری میں حوثی عسکریت پسندوں کی طرف سے بچھائی گئی300 بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا گیا ہے۔