جوبائیڈن ایرانی لیڈروں سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے: وائٹ ہاؤس
امریکی صدر جوبائیڈن ایران کے نومنتخب لیڈروں سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔
یہ بات وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے سوموار کے روز ایک نیوزبریفنگ میں کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایران میں بنیادی فیصلہ ساز تو سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ہیں۔
ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ ویانا میں ایران اور امریکا نے 2015ء میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کی بحالی سے متعلق مذاکرات کا چھٹا دور مکمل کر لیا ہے اوروائٹ ہاؤس یہ ملاحظہ کررہا ہے کہ یہ مذاکرات اب کیا رُخ اختیار کرتے ہیں۔
ان کے اس بیان سے قبل ایران کے نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی نے اپنی پہلی نیوزکانفرنس میں کہا ہے کہ اگر امریکا ویانا مذاکرات میں تہران کے تمام مطالبات کوپورا بھی کردیتا ہے تو وہ اس صورت میں بھی صدر جوبائیڈن سے ملاقات نہیں کریں گے۔
ان سے یہ سوال کیا گیا تھا کہ اگر امریکاپہلے ایران کے مطالبات کوپورا کردیتا ہے تو کیا وہ دونوں ملکوں کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے جوبائیڈن سے ملنے کو تیارہوں گے؟اس کے جواب میں انھوں دوٹوک اندازمیں کہا: ’’نہیں۔‘‘