سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزارتِ دفاع کے عملہ کے لیے مکانوں کی تعمیراور میڈیکل کے آٹھ نئے منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ منصوبے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں مکمل کیے جائیں گے اور ان پر چارارب ریال (ایک ارب سات کروڑڈالر) لاگت آئے گی۔
سعودی وزارتِ دفاع کے ہاؤسنگ کے چھے منصوبوں کے تحت 3797مکانات تعمیرکیے جائیں گے۔یہ مکانات حفرالبتین میں واقع شاہ سعودائیربیس ،شمال مشرقی منطقہ میں مسلح افواج کے لیے ہاؤسنگ منصوبہ ، الطائف میں شاہ سلمان مرکز برائے ماؤنٹین وارفئیر،الشرورہ میں مسلح افواج کے لیے ہاؤسنگ منصوبہ،جازان اور منطقہ شرقی میں مسلح افواج کے ہاؤسنگ منصوبوں میں تعمیرکیے جارہے ہیں۔
سعودی ولی عہد نے مسلح افواج کے لیے شعبہ طب میں بھی مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔ان کے تحت شمال مغربی ریجن میں واقع مسلح افواج کے اسپتال میں 130 بستروں پر مشتمل امراضِ قلب کا نیامرکز قائم کیا جائے گا۔
مدینہ منورہ میں واقع شہزادہ سلطان آرمڈ فورسزاسپتال کو توسیع دی جارہی ہے اور اس میں بستروں کی گنجائش ایک سو تک بڑھائی جائے گی۔نیز اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں 10 مزید یونٹوں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔
توسیعی منصوبے کے تحت اس اسپتال کے آپریشن کمروں، شعبہ حادثات،ریڈیالوجی ، لیبارٹریوں، فارمیسی اور بلڈ بنک میں جدید مشینیں اور طبی آلات نصب کیے جائیں گے۔