عراق میں امریکی فوجی اڈے پرراکٹ حملوں میں ملوث چار ملزمان گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

کل اتوار کے روز عراق میں امریکی فوج کے زیراستعمال عین الاسد فوجی اڈے پر ہونے والے راکٹ حملوں کے بعد عراقی سیکیورٹی فورسزنے ان حملوں میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

العربیہ اور اس کے برادر ٹی وی الحدث کے نامہ نگاروں نے عراقی سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی ایئربیس پر راکٹ حملوں میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیاگیا ہے

Advertisement

عراق کے سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا کہ الانبار گورنری میں انٹیلی جنس حکام نے راکٹ حملوں کے ملوث عناصر کےخلاف سرچ آپریشن کیا اور کل اتوار کے روز راکٹ باری کرنےوالے چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف کارروائی راکٹ حملوں کے بعد کی گئی۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ امریکی فوجی اڈے پر راکٹ حملوں میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے اعلیٰ سطح سے احکامات دیئے گئے تھے۔

خیال رہےکہ عراق میں امریکی فوجیوں کے زیراستعمال عین الاسد ائیربیس پراتوار کے روز ایک اور راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔

اس حملے سے 10 روز قبل امریکا نے عراق میں اپنے فوجیوں یا شہریوں پر اس طرح کی راکٹ باری یا ڈرون حملوں میں ملوّث افراد کے بارے میں اطلاع دینے والے شخص کے لیے 30 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔

عراق میں 2019ء سے امریکا کی تنصیبات یا اس کے زیراستعمال فوجی اڈوں پر راکٹ حملے جاری ہیں۔اس سال کے آغاز کے بعد سے بغداد میں امریکی سفارت خانے پر 43 حملے کیے جاچکے ہیں۔اس کے علاوہ امریکی فوجیوں کے اڈوں اور انھیں سامان مہیا کرنے والے عراقی قافلوں کو بھی راکٹ یا میزائل حملوں میں نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

مغربی صوبہ الانبار میں واقع عین الاسد ائیربیس پر اس سے پہلے تین مارچ کو دس راکٹ داغے گئے تھے۔اس حملے میں اتحادی فورسز کے ساتھ کنٹریکٹر کے طور پرکام کرنے والا ایک امریکی شہری دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا تھا۔

اس راکٹ حملے میں تین گاڑیاں استعمال کی گئی تھیں اور ان سے اس فوجی اڈے پر کاتیوشا راکٹ فائر کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ امریکا نے فروری میں عراق اور شام کے درمیان واقع سرحد پر ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانے کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا تھا۔اس کے بعد عراق میں امریکا کی تنصیبات پر حملوں میں تیزی آئی تھی۔

امریکا ایران کے حمایت یافتہ ملیشیا گروپوں پر عراق میں اپنی تنصیبات اور فوجیوں پر راکٹ اور ڈرون حملوں کے الزامات عاید کرتا رہتا ہے۔عراق میں ایران کی حامی ملیشیاؤں کے جنگجو آئے دن امریکا کی تنصیبات اور فوجی اڈوں پر راکٹ داغتے رہتے ہیں یا بارود سے لدے ڈرونز سے حملے کرتے رہتے ہیں مگر آج تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں