افغانستان میں ہماری عسکری کارروائیاں جاری ہیں: پینٹاگان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں سرکاری افواج کو معاونت پیش کرنے کے سلسلے میں اس کی فضائی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے زور دے کر واضح کیا تھا کہ افغانستان سے امریکی انخلا کی تاریخ میں ہر گز کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔

جمعے کے روز پینٹاگان کے ایک ذمے دار نے العربیہ / الحدث کو دیے گئے بیان میں مزید کہا کہ افغانستان سے امریکی سرزمین کے لیے کسی بھی خطرے کی صورت میں واشنگٹن واپس آ کر اس خطرے کے ذرائع کو نشانہ بنانے پر مجبور ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ افغانستان کو ایک بار پھر دہشت گردوں کا گڑھ بننے سے روکا جائے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کے روز باور کرایا تھا کہ امریکی فوج کے طے شدہ انخلا کے باوجود امریکا اور افغانستان کے بیچ شراکت داری ہر گز ختم نہیں ہو گی بلکہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

بائیڈن کا یہ بیان افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ملاقات کے دوران میں سامنے آیا۔

دوسری جانب افغان صدر نے زور دیا کہ ان کا ملک امریکا کے ساتھ شراکت داری کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ امریکی فوج کے انخلا کے آخری مراحل میں داخل ہونے کے ساتھ ہی وائٹ ہاؤس کو قانون سازوں اور عسکری ذمے داروں کے شدید دباؤ کا سامنا ہے جن کا مطالبہ ہے کہ افغان حلیفوں کو طالبان کے انتقامی حملوں سے تحفظ فراہم کیا جائے۔

بائیڈن نے اپریل میں فیصلہ کیا تھا کہ 11 ستمبر تک 2500 امریکی فوجیوں کا انخلا عمل میں لایا جائے گا۔ یہ فوجی ابھی تک افغانستان میں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی انٹیلی جنس کی جانب سے گذشتہ ہفتے پیش کیے جانے والے ایک جائزے میں یہ کہا گیا تھا کہ افغان حکومت امریکی انخلا مکمل ہونے کے بعد توقع سے بھی زیادہ جلدی یعنی چھ ماہ کے اندر گر جائے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں