.

ابوظبی:کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والےافراد ہی کوعوامی جگہوں میں داخل ہونے کی اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں شامل امارت اور وفاقی دارالحکومت ابوظبی نے کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والے افراد ہی کو 20 اگست سے بعض عوامی مقامات میں داخل ہونے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ابوظبی کی ایمرجنسی،کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کمیٹی نے سوموار کو ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ ’’امارت میں اہدافی گروپوں کے 93 فی صد افراد کو کووِڈ-19 سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگائی جاچکی ہے،اس لیے 20 اگست سے صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی کو بعض عوامی جگہوں ، شاپنگ مالوں ، ریستورانوں اورجِم خانوں میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔‘‘

کمیٹی کے بیان کے مطابق پہلے مرحلے میں جامعات ، اسکولوں ،تعلیمی اداروں ، نرسریوں،خریداری مراکز ، ریستورانوں ، کیفے ،جِم خانوں ، تفریح گاہوں ،کھیل کے میدانوں ،خریداری مراکز سے باہر واقع تھوک کی دکانوں ، سُپرمارکیٹوں اور دواخانوں میں صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی داخل ہوسکیں گے۔

کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق ویکسین لگوانے سے مستثنا افراد پر نہیں ہوگا۔ایسے افراد کوالحوسن ایپ پررجسٹر ہونا چاہیے اور ایک منظورشدہ عمل کے ذریعے انھیں ویکسین سے مستثنا قراردیا گیا ہو۔ان کے علاوہ 15 سال سے کم عمر بچّوں پر بھی اس فیصلے کا اطلاع نہیں ہوگا۔