.

سعودی عرب:پانچویں سالانہ ایف آئی آئی کانفرنس 26 سے 28 اکتوبرتک الریاض میں ہوگی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی پانچویں سالانہ مستقبل سرمایہ کاری اقدام (ایف آئی آئی) کانفرنس 26 سے 28 اکتوبر تک دارالحکومت الریاض میں منعقد ہوگی۔اس سال کانفرنس کا عنوان ’’انسانیت پر سرمایہ کاری‘‘ ہے۔

اس سالانہ کانفرنس میں ماہرین اور صنعتی لیڈر شرکت کریں گے۔ وہ معاشرے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے نئے طریقوں پر اظہارخیال کریں گے اور ان چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے منصوبے وضع کریں گے۔

سعودی عرب کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ کے گورنر اور ایف آئی آئی انسٹی ٹیوٹ کے بورڈآف ٹرسٹیز کے چیئرمین یاسرالرمیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’بعد از کووِڈ-19 دور میں بہت سے اقتصادی مواقع دستیاب ہوں گے،ان سے فائدہ اٹھاکرہم سب کے لیے ایک مساوی اور خوش حال مستقبل کے حصول کی غرض سے درکار تبدیلیاں لائیں گے۔‘‘

مستقبل سرمایہ کاری اقدام کے سلسلے کی گذشتہ کانفرنس جنوری 2021ء میں منعقد ہوئی تھی۔اس میں دنیا کے 130 ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 مقررین نے ذاتی طورپر شرکت کی تھی اور ہزاروں نے آن لائن شرکت کی تھی۔

ایف آئی آئی انسٹی ٹیوٹ کے چیف ایگزیکٹوآفیسر (سی ای او)رچرڈ اٹیاس کا کہنا ہے کہ ’’دنیا پائیدار تبدیلی کی ضرورت کو تسلیم کرتی ہے،ایسے میں سرمایہ کاراور لیڈر قدری اہمیت اوردیرپا اثرات کے حامل مناسب مواقع کی تلاش میں ہیں۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’’جنوری میں چوتھی سالانہ کانفرنس کے موقع پر عالمی معیشت کی نشاۃ نو کے مواقع دریافت کیے گئے تھے،اب وہ معرض ظہور میں آرہے ہیں اور پانچویں سالانہ کانفرنس میں عملی اقدامات پر زوردیا جائے گا۔‘‘