اٹلی: سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل کاانٹونی بلینکن سے دوطرفہ تزویراتی تعلقات پرتبادلہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کواٹلی کے تاریخی شہر مطیرا میں گروپ بیس (جی 20) کے اجلاس کے موقع پرامریکی ہم منصب انٹونی بلینکن سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تزویراتی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے طریقوں کے بارے میں بھی بات چیت کی تاکہ سعودی عرب اور امریکا کے دوطرفہ مفاد کے علاوہ دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح وبہبود میں مدد مل سکے۔

دونوں وزراء خارجہ نے ایران سے درپیش خطرے سے نمٹنے اور خطے میں اس کی تخریبی مداخلت کے علاوہ یمن میں حوثی ملیشیا اوردیگرانتہاپسند جنگجوگروپوں کی مالی وعسکری معاونت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مسلح ملیشیائیں عالمی امن وسلامتی کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہیں۔

اٹلی کے جنوبی شہر مطیرا میں جی 20 کے وزرائے خارجہ ایک روزہ اجلاس میں کرونا وائرس کی وبا سے عالمی صحت کو درپیش خطرے، ماحولیاتی تبدیلی اور بین الاقوامی تجارت میں باہمی تعاون کو بہتر بنانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔اس اجلاس میں چینی وزیرخارجہ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی ہے۔

انٹونی بلینکن نے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کرونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے کثیرجہت سطح پر تعاون کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ ہمیں عالمی صحت کی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم مستقبل میں صحت کی کسی ہنگامی صورت حال کی تیزی سے تشخیص کرسکیں اور اس سے بچاؤ کے لیے بہتر انداز میں اپنے ردعمل کا اظہار کرسکیں۔

اس اجلاس میں اکتوبر میں روم میں ہونے والی جی 20 سربراہ کانفرنس کا ایجنڈا تیار کیا جائے گا۔اس میں دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کے چینی ہم منصب شی جین پنگ کے درمیان پہلی ملاقات متوقع ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں