آتش بازی نے مصر کی ایک شادی کے جشن کو خوفناک ماتم کدہ بنا ڈالا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

مصر کے ایک گاؤں میں شادی کی تقریب کے دوران آتش بازی کے لیے چلائی جانے والی شرلی خواتین کے درمیان پھٹنے سے شادی کا جشن ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق الدقھلیہ گورنری کے نواحی علاقے میت غمر کے گاؤں اتمیدہ میں ہونے والی شادی کی تقریب کے بعد بارات کی روانگی کی تیاری ہو رہی تھی۔ اس دوران کچھ سر پھرے نوجوانوں نے آتش بازی شروع کی۔

Advertisement

اس دوران چلائی جانے والی ایک شرلی شادی میں شریک خواتین کے اکھٹ میں جا گری جس سے بھگڈر مچ گئی۔ جلتی ہوئی شرلی کی زد میں آ کر دو لڑکیاں شدید زخمی ہو گئیں۔ آتش گیر مواد پھٹتے ہی ہر طرف دھوئیں کے بادل پھیل گئےاور شرکا میں جشن کے بجائے چیخ پکار شروع ہو گئی۔

اس واقعے میں زخمی ہونے والی ایک لڑکی بدھ کو دم توڑ گئی جب کہ دوسری کی اسپتال میں حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ آتش بازی سے جھلسنے والی لڑکیوں کی شناخت میادہ ایھاب اور نورا الطحاوی کے نام سے کی گئی ہے۔ آتش بازی کا گولہ لگنے سے ایک لڑکی کی کھوپڑی میں گہرا زخم ہو گیا جس کے نتیجے میں وہ دم توڑ گئی۔

مصر میں بارات جب ماتم کدہ بنی
مصر میں بارات جب ماتم کدہ بنی

پولیس نے موقعے پر موجود سی سی ٹی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کے بعد آتش بازی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس نے دلہا اور دلہن کے خاندانوں سے بھی اس حوالے سے بیانات قلم بند کیے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں