حوثی باغیوں کا سعودی عرب کے جنوبی ریجن پر حملے کی غرض سے بھیجا ڈرون تباہ
یمن کی آئینی حکومت کا تختہ الٹنے والے حوثی باغیوں نے بدھ کے روز سعودی عرب کے جنوبی ریجن میں سول آبادی وتنصیبات کو نشانہ بنانے کے لئے بارود سے لدا ڈرون روانہ کیا، تاہم سعودی عرب کی قیادت میں حوثی باغیوں کے خلاف سرگرم عرب اتحاد کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ڈرون کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا۔
عرب اتحاد کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یمن میں سرگرم ایران نواز ملیشیا آئے روز بغیر پائیلٹ کے جاسوس طیاروں کے ذریعے عام شہریوں اور سول تنصیبات کو نشانہ بناتے رہتے ہیں
بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئی کہ عرب اتحاد عام شہریوں کو ایسے حملوں سے محفوظ رکھنے کی خاطر تمام ممکن آپریشنل تیاری کے ساتھ الرٹ رہتی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔
عرب اتحاد نے دو دن قبل ایک بیان میں دعوی کیا تھا کہ اس کے زیر انتظام چوکس ایئر ڈیفنس سسٹم نے 48 گھنٹوں کے دوران 6 ڈرونز اور 4 بیلسٹک میزائل تباہ کیے ہیں جن کا ہدف سعودی عرب کے جنوبی ریجن میں عام شہری تنصیبات اور نہتے عوام تھے۔
حوثی ملیشیا ایک مدت سے مملکت کے شہری اور اقتصادی منصوبوں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، جن کی عالمی اور عرب برادری شد ومد سے مذمت کرتی ہے۔