سعودی عرب دوسری قومی فضائی کمپنی تشکیل دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ یہ منصوبہ "نیشنل ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس اسٹریٹیجی" کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد مملکت کو ایک عالمی لاجسٹک مرکز بنانا اور مملکت کی معیشت کو متنوع بنانے میں مدد کرنا ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس اسٹریٹیجی میں 250 سے زائد بین الاقوامی فضائی روٹس کا اضافہ اور فضائی کارگو کی گنجائش سالانہ 45 لاکھ ٹن تک پہنچانا شامل ہے۔
سعودی عرب اپنے دارالحکومت ریاض میں ایک نیا ہوائی اڈہ بنانے پر بھی غور کر رہا ہے۔ یہ نئی قومی فضائی کمپنی کا مرکز ہو گا۔ نئی فضائی کمپنی سیاحوں اور کاروباری شخصیات کے لیے مختص ہو گی جب کہ موجود قومی فضائی کمپنی "Saudia" جدہ میں اپنے اڈے سے حج اور عمرہ کی پروازیں چلائے گی۔ یہ بات امریکی نیوز ویب سائٹ بلومبرگ نے گذشتہ ہفتے بتائی۔
واضح رہے کہ مملکت کی ملکیت قومی فضائی کمپنی Saudi Airlines ملک کی سب سے بڑی فضائی کمپنی ہے۔ دیگر کمپنیوں میں کم لاگت والی Flyadeal بھی سعودی ایئرلائنز کی ملکیت ہے۔ اس کے علاوہ "ناس ایئر ویز" فضائی کمپنی Kingdom Holding کمپنی کی ملکیت ہے۔