سعودی عرب:کیپٹاگون کی 45 لاکھ گولیاں مالٹے کی پیٹیوں میں اسمگل کرکے لانےکی کوشش ناکام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں حکام نے نشہ آوردوا کیپٹاگون کی 45 لاکھ گولیاں مالٹے کے ساتھ پیٹیوں میں اسمگل کرکے لانے کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی ہے۔

سعودی عرب کی زکوٰۃ ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ نظامت عامہ انسدادِ منشیات کے ساتھ مل کر نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ کی اس کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔

Advertisement

حکام نے جدہ کی اسلامی بندرگاہ پر مالٹوں کی کھیپ کی کسٹمز کے معمول کے طریق کار کے مطابق جانچ کی تھی اور پیٹیوں کو ایکس رے کے معائنے سے گزارا تھا۔اس دوران میں مالٹے کی پیٹیوں سے کیپٹاگون کی گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

حکام نے مزید بتایا ہے کہ بندرگاہ پر جن افراد نے یہ پھل وصول کرنا تھے، انھیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ پھل کے ساتھ نشہ آور گولیوں کی اتنی بڑی تعداد کس ملک سے بھیجی گئی ہے۔

سعودی عرب کی نظامتِ عامہ برائے انسدادِ منشیات نے گذشتہ ہفتے کے روز بھی جدہ کی بندرگاہ پر لبنان سے اسمگل کرکے لائی جانے والی نشہ آوردوا کیپٹاگون ایمفیٹامائن کی ایک کروڑ 40 لاکھ گولیاں ضبط کی تھیں۔ یہ گولیاں لوہے کی پلیٹوں کی کھیپ میں چھپائی گئی تھیں۔ سعودی حکام نے الریاض میں ایک شہری کو لاکھوں گولیوں کی یہ کھیپ اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔

سعودی عرب نے اس سے پہلے اپریل میں بیروت سے منشیات کی اسمگلنگ میں اضافے کے بعدلبنانی پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عاید کردی تھی۔تب سعودی کسٹمز نے لبنان سے درآمد کردہ پھلوں کے اندربھری گئی کیپٹاگون کی 50 لاکھ سے زیادہ گولیاں اسمگل کرکے لانے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

کیپٹاگون ایک نشہ آور دوا ہے اور اس کولڑائی میں حصہ لینے والےجنگجو استعمال کرتے ہیں کیونکہ اس سے لڑائی کی تھکاوٹ دورہوجاتی ہے۔ایمفیٹامائن گولیوں کو لبنان میں غیرقانونی طور پر تیار اور برآمد کیا جاتاہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں