.

عرب اتحاد نے حوثیوں کا بارود سے لدا ڈرون یمن کی فضائی حدود میں مارگرایا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عرب اتحاد نے جمعرات کے روز یمن کی فضائی حدود میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کا بارود سے لدا ایک ڈرون مارگرایا ہے۔عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈرون سعودی عرب کی جانب آرہا تھا۔

سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے بدھ کو بھی حوثیوں کا بارود سے لدا ایک اور ڈرون فضا میں سراغ لگا کر مار گرایا تھا۔یہ ڈرون سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب چھوڑا گیا تھا۔

عرب اتحاد نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ’’ہم سعودی عرب میں شہریوں اور شہری املاک کو اس طرح کے مخالفانہ حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے آپریشنل اقدامات کررہے ہیں۔‘‘

حوثی ملیشیا نے حالیہ مہینوں کے دوران میں یمن کے شمالی علاقوں سے سعودی عرب کے جنوبی شہروں کی جانب بارود سے لدے متعدد ڈرون اور میزائل داغے ہیں۔ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد ان ڈرون حملوں سے شہریوں اور شہری ڈھانچے کو بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہا ہے۔

عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ’’دہشت گرد حوثی ملیشیا اور اس کی پشت پناہ قوتوں نے شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ دہشت گردی کی یہ کوششیں بین الاقوامی انسانی قانون کی ننگی خلاف ورزی اور انسانی اقدار کے صریحاً منافی ہیں اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔‘‘