.
کرونا وائرس

کووِڈ-19ویکسین کی دوخوراکیں وائرس کی قسم ڈیلٹاسے تحفظ کے لیےمؤثرہیں: یورپی ایجنسی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یورپی میڈیسن ایجنسی نے قراردیا ہے کہ کووِڈ-19 کی ویکسین کی دوخوراکیں کرونا وائرس کی تیزی سے پھیلنے والی نئی قسم ڈیلٹا سے تحفظ کے لیے مؤثرہیں۔

یورپی طب ایجنسی کی ویکسین حکمتِ عملی کے سربراہ مارکو کیولیری نے جمعرات کے روز ایک نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ ’’کووِڈ-19 کی ویکسینوں کے دو انجیکشن لگوانے والے افراد کے سامنے آنے والے ڈیٹا سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ یہ نئی قسم ڈیلٹا سے تحفظ مہیا کرتے ہیں۔‘‘

نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم میں قائم یورپی طب ایجنسی کے اس ابتدائی جائزہ سے قبل عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے خبردارکیا ہے کہ یورپی ممالک میں کرونا وائرس کی ڈیلٹا شکل کے کیس تیزی سے پھیل سکتے ہیں۔ڈیلٹا وائرس کی سب سے پہلے بھارت میں تشخیص ہوئی تھی اور وہاں سے یہ دوسرے ممالک میں پھیل رہا ہے۔

مارکو کیولیری نے نیوزکانفرنس میں کہا کہ ’’ان کی ایجنسی تیزی سے پھیلنے والے ڈیلٹاوائرس کے ضمن میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’اس وقت بظاہر یورپی یونین کی منظور کردہ چارویکسینیں یورپ میں کرونا وائرس کی ڈیلٹا سمیت پھیلنے والی تمام شکلوں سے تحفظ مہیا کرتی ہیں اور ان میں سے کسی ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والے ڈیلٹاوائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔‘‘

یورپی یونین نے اب تک فائزراور بائیو این ٹیک ، ماڈرنا ،آسٹرازینیکا اور جانسن اینڈ جانسن کی تیارکردہ ویکسینوں کے استعمال کی منظوری دی ہے اور تنظیم کے رکن ممالک میں یہی چار ویکیسینیں لگائی جارہی ہیں جبکہ اس نے کاروباری مسابقت کے پیش نظر روسی ساختہ اسپوتنک پنجم اورچین ساختہ سائنوفارم کی منظوری نہیں دی ہے۔