.

شارجہ:کارمیں اچانک پھنس جانے والا آٹھ سالہ لڑکا گرمی کی شدت سے ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں شامل امارت شارجہ میں ایک آٹھ سالہ لڑکا کارمیں اچانک پھنس جانے کے بعد گرمی کی شدت سے جان کی بازی ہارگیا ہے۔

شارجہ پولیس کے مطابق یہ کم سن لڑکا اپنے ہمسایوں کی کارکو کھلا پا کراس میں بیٹھ گیا لیکن کار کے دروازے اچانک خودکار طریقے سے بند ہوگئے تھے اور وہ اس میں محصور ہوکررہا گیا تھا۔یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو پیش آیا تھا۔

لڑکا کئی گھنٹے تک اسی طرح کارمیں بند رہا تھا۔اس وقت شارجہ میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔جب اس کار کو کھولا گیا تو وہ اس میں مردہ حالت میں پڑا تھا۔پولیس نے اس لڑکے کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے اور صرف یہ کہا ہے کہ وہ ایشیائی نژاد تھا۔

پولیس نے لڑکے کی اس طرح ناگہانی موت پر کسی فرد پر شُبہ ظاہر نہیں کیا ہے۔ البتہ اس نے ڈرائیوروں کو اس واقعے کے بعد خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے دروازے بند کرکے جائیں۔

یواے ای کے بعض علاقوں میں اس وقت درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ گیا ہے۔اتوار کو العین ریجن میں واقع قصبہ سُـوَيْـحَـان میں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سُـوَيْـحَـان ہی میں جون کے اوائل میں زیادہ گرمی پڑنے کا سابقہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا تھا اور 4 جون کو اس کا درجہ حرارت 51۰7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔