.

سعودی عرب میں ایاٹا کےعلاقائی صدردفاتر کے قیام کے لیے سمجھوتا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے بین الاقوامی فضائی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا)کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دست خط کیے ہیں۔اس کے تحت سعودی عرب میں ایاٹا کے علاقائی صدردفاتر قائم کیے جائیں گے۔

اس سمجھوتے پر سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن (جاسا) کے صدر عبدالعزیز بن عبداللہ الدعیلج اور ایاٹا کے نائب صدر برائے افریقا اور مشرقِ اوسط ریجن کامل حسن آل عوادی نے دست خط کیے ہیں۔

ایس پی اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ایاٹا کے ساتھ طے پانے والا یہ سمجھوتا سعودی عرب کے شہری ہوابازی کی علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان تعاون کے فروغ کےلیے کردار اور مفادات کے عین مطابق ہے۔اس سے مملکت میں فضائی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیموں کو بااختیار بنانے میں بھی مدد ملے گی۔‘‘

اس نے مزید کہا ہے کہ ’’ایاٹا کے علاقائی دفاتر سے سعودی عرب میں خطے میں فضائی ٹرانسپورٹ کی کمپنیوں کو ضروری معاونت اور معلومات فراہم کی جاسکیں گی۔اس کے ذریعے انھیں مشاورت اور تربیتی کورسز کی سہولت بھی مہیا ہوگی۔‘‘