سعودی عرب میں کووِڈ-19ویکسین کی دوکروڑ سے زیادہ خوراکیں لگا دی گئیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں اب تک شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ-19 ویکسین کی دوکروڑ سے زیادہ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

سعودی وزارتِ صحت نے سوموار کو اطلاع دی ہے کہ آیندہ ہفتوں کے دوران میں کووِڈ کی ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا کیونکہ اب جلد ہی تمام اہل افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک بھی لگائی جارہی ہے۔

وزارتِ صحت نے اتوار کو تمام عمر کے بالغ افراد کو منظورشدہ ویکسینوں کی دوسری خوراک لگانے کا اعلان کیا تھا۔وزارت صحت نے اپریل میں دوسری خوراک لگوانے کے لیےجاری کردہ شیڈول کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ پہلے تمام اہل افراد کو ویکسین کی پہلاانجیکشن لگایا جائے گا اور اس کے بعد دوسرا انجیکشن لگانے کا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔

سعودی عرب کی خوراک اور ادویہ اتھارٹی نے جمعہ کو امریکا کے دواساز ادارے ماڈرنا کی تیارکردہ کووِڈ-19 کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی بھی منظوری دے دی تھی۔قبل ازیں سعودی عرب میں اتھارٹی کی منظور کردہ آکسفورڈکی تیارکردہ آسٹرازینیکا کی ویکسین،فائزر-بائیواین ٹیک اور جانسن اینڈجانسن کی ویکسین لگائی جارہی ہے۔

اس وقت سعودی عرب بھرمیں ویکسی نیشن کے 587 مراکزکام کررہے ہیں۔وہاں شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ-19 کی ویکسینیں مفت لگائی جارہی ہیں۔ویکسین لگوانے کے لیے سعودی شہری اور تارکِ وطن صحتی ایپ پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں اور انھیں دستیاب ویکسینوں میں سے کسی ایک کے انجیکشن لگائے جارہے ہیں۔

سعودی حکام نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کروناوائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین لگوائیں، بالخصوص جو افراد ازدحام یااجتماعات میں اپنا زیادہ وقت گزارتے ہیں،انھیں ضرور ویکسین لگوانی چاہیے۔

مقبول خبریں اہم خبریں