.

بیت المقدس : باب العامود کے نزدیک اسرائیلی فورسز کا فلسطینیوں پر دھاوا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز بیت المقدس میں 'باب العامود' کے نزدیک جمع ہونے والے اُن فلسطینی نوجوانوں پر دھاوا بول دیا جنہوں نے یہودی آباد کاروں کی ایک ریلی کو روک دیا تھا۔ یہ بات فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے بتائی۔

ایجنسی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فورز نے فلسطینی نوجوانوں کے گروپ کو مارا پیٹا اور کئی افراد کو گرفتار کر کے طاقت کے زور پر ان نوجوانوں کو باب العامود کے کھلے مقام سے چلے جانے پر مجبور کر دیا۔

ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بیت المقدس کے اولڈ ٹاؤن میں فولادی رکاوٹیں قائم کر دیں۔ عینی شاہدین نے اس بات کی توقع ظاہر کی کہ اتوار کے روز یہودی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دینے کا قوی امکان ہے۔

رمضان مبارک کے اواخر میں شدت پسند یہودی آباد کاروں نے شیخ جراح کے علاقے میں سکونت پذیر فلسطینی خاندانوں کو علاقہ بدر کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے نتیجے میں بیت المقدس میں بڑے پیمانے پر شورش اور انارکی نے جنم لیا۔ اس دوران میں مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں وسیع پیمانے پر مظاہرے اور جھڑپیں دیکھنے میں آئی تھیں۔