مسلسل بائیس سال سے مسجد حرام میں دربانی کی خدمات انجام دینے والے سعودی شہری حسن حنبوک کا قصہ بھی کم دلچسپ نہیں۔
مسجد حرام کے باب شاہ فہد کے سامنے ’العربیہ‘ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حنبوک نے کہا کہ ’میں مسلسل 22 سال سے مسجد حرام کے ابواب پر دربانی کر رہا ہوں۔ یہ میری سعادت مندی اور خوش قسمتی ہے اللہ نے مجھے اپنے عظیم گھر کا خادم مقرر کیا ہے‘۔
گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کی خدمت فخر اور اعزاز کی باتی ہے۔ جب حجاج کرام کو کسی بارے میں معلومات لینا ہوتی ہیں تو وہ مسجد حرام کے دروازوں پر موجود پہرے داروں کے پاس آتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہر زائر، حاجی اور معتمر کو مکمل معلومات فراہم کریں اور بیت کی زیارت کے لیے آنے والوں کی خدمت کریں۔

حسن حنبوک کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا کرونا جیسی مہلک وبا سے گذر رہی ہے۔ اس لیے ہرایک کو احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنا ہوتا ہے۔ ہم بھی مسجد حرام کے دروازوں پر آمد ورفت کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی تلقین کرتے ہیں۔
حسن حنبوک نے حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر حرمین شریفین کی صدارت عامہ اور مملکت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
ایک سوال کے جواب میں حنبوک کا کہنا تھا کہ ہمارا کام مسجد حرام میں داخل ہونے والے افراد کی جسمانی اور سامان کی چھان بین کرنا ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم زائرین کے استفسارات کا جواب دیتے اور انہیں ضروری معلومات فراہم کرتے ہیں۔ کھانے پینے کی اشیا اندر لے جانے سے روکتے اور تیز دھار آلے لے جانے سے منع کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کام کا بوجھ اور رش بہت زیادہ ہی کیوں نہ ہو ہم پورے چوکس طریقے سے کام کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ مسجد حرام کی دروازوں کی ذمہ دار انتظامیہ کی طرف سے بھی حج سیزن پر خصوصی پلان ترتیب دیا گیا تھا۔