.

ٹوکیواولمپِکس کی افتتاحی تقریب،رنگا رنگ آتش بازی ،مگراسٹیڈیم شائقین سے خالی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے قومی اسٹیڈیم میں جمعہ کو رنگارنگ آتش بازی کے ساتھ اولمپِکس کی افتتاحی تقریب غیر روایتی انداز میں منعقد ہوئی ہے۔کھیلوں کے سب سے بڑے میلے کے موقع پر کووِڈ-19 کی پابندیوں کے پیش نظراسٹیڈیم شائقین سے خالی تھا اور صرف چند سو لوگ دور دور فاصلے میں بیٹھے ہوئے تھے۔

جاپان کو کروناوائرس کی پابندیوں کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس کو ایک سال کے لیے ملتوی کرنا پڑا ہے اور منتظمین نے شائقین کے بغیر کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے غیرمعمولی اقدامات کیے ہیں۔

اولمپِکس کی افتتاحی تقریب کو دنیا بھر میں ڈیجیٹل میڈیا پربراہ راست دکھایا گیا ہے۔اس تقریب کے ایک ہزار سے بھی کم شرکاء کوفاصلے سے بالکل خاموشی سے بیٹھ رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ٹوکیو میں دوسری مرتبہ اولمپکس مقابلے منعقد ہورہے ہیں۔اس سے پہلے 1964ء میں ٹوکیو گیمز منعقد ہوئی تھیں۔ تب دوسری عالمی جنگ میں شکست خوردہ جاپان عالمی منظرنامے میں ابھرکرسامنے آیا تھا۔اس مرتبہ وہ 2011ء میں تباہ کن زلزلے ،سونامی اور جوہری بحران کے منفی مضمرات سے بحال ہونے کے بعد اولمپکس گیمز کی میزبانی کررہا ہے۔ان مقابلوں میں دنیا بھر سے ہزاروں کھلاڑی اور ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔