.

سعودی عرب میں کیپٹاگون کی 21 لاکھ گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی نے جمعے کے روز اعلان کیا کہ اس نے مملکت کے شمال میں الحدیثہ کے راستے کیپٹاگون کی 2144180 نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کو دیے گئے ایک بیان میں اتھارٹی نے بتایا کہ یہ کھیپ Tomato Paste کے کارٹنوں میں ایک ٹرک میں موجود تھی۔ کسٹم حکام کی جانب سے لیزر آلات سے تلاشی کے دوران کیپٹاگون گولیوں کی انکشاف ہوا۔ یہ گولیاں Tomato Paste کے جار کے ڈھکن کے اندر فیکٹری کی طرز پر چھپائی گئی تھیں۔

اتھارٹی نے باور کرایا کہ وہ مملکت کے زمینی ، سمندری اور فضائی سرحدی راستوں کے ذریعے اس طرح کو کوششوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہے۔ اس کا مقصد سعودی عرب میں معاشرے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

یاد رہے کہ مذکورہ اتھارٹی نے جون کے اواخر میں کیپٹاگون گولیوں کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی تھی۔ اس دوران 45 لاکھ سے زیادہ گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ان گولیوں کو جدہ کی بندرگاہ کے راستے آنے والے "مالٹے" کی پیٹیوں میں چھپایا گیا تھا۔