مصر کی شمالی المنوفیہ گورنری کے علاقے بلمشط میں ایک 18 سالہ لڑکی سالانہ امتحان کے لیے ہونے والے پرچوں کے دوران اچانک انتقال کرگئی۔ لڑکی کی ناگہانی موت پرنہ صرف اس کے والدین بلکہ عام شہری بھی شدید صدمے سے دوچار ہیں۔
انٹرمیڈیٹ کی طالبہ 18 سالہ منار محمد عبدالباقی سعدہ فزکس کا پرچہ دینے منوف شہر کے نصر عبدالغفور انٹرمیڈیٹ اسکول میں پہنچی۔ چند منٹ کے بعد امتحانی پرچہ شروع ہونا تھا مگر وہ اس کا اسکول کا آخری دن ثابت ہوا۔
المنوفیہ میں سیکرٹری صحت ڈاکٹر فیصل جودہ نے بتایا کہ انہیں امتحان دینے کے لیے آئی طالبہ کے اچانک بے ہوش ہوکر گرنے کی اطلاع ملی۔ لڑکی کو ایمبولینس کی مدد سے المنوفیہ کے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ لڑکی کی موت اس کے جسم میں موجود خون کی گردش میں تیزی کے باعث ہوئی ہے۔
المنوفیہ گورنری میں ڈائریکٹر نظام تعلیم احمد سوید نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح 9 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا۔ لڑکی اچانک بیٹھے بیٹھے بے ہوش ہوکرگر گئی۔ اسے اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دم توڑ چکی تھی۔