مصر کے شمالی صوبے اسکندریہ میں ایک 15 منزلہ عمارت میں ٹیڑھ آنے کہ وجہ سے اس کے مکینوں اور ملحقہ عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کے لیے ایک بڑا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق الجمرک کے علاقے میں شارع خطاب پر واقع عمارت نمبر 14 میں جھکاؤ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس کے سبب عمارت کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔ اسی طرح قرب و جوار کی عمارتوں سے بھی لوگوں کو نکل جانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تا کہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔
صوبے کے گورنر نے سماجی یک جہتی کے ڈائریکٹریٹ کو ہدایت جاری کی ہے کہ منتقل ہونے والے افراد کے استقبال کے لیے خصوصی جگہ فراہم کی جائے۔
اس سلسلے میں متعلقہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ متاثرہ عمارت اوپری جانب سے مشرقی سمت تقریبا 20 سینٹی میٹر تک جھک گئی ہے۔ کمیٹی نے سفارش پیش کی ہے کہ پندرہ منزلہ عمارت کی بالائی منزلوں کو ختم کر کے اسے زمینی منزل اور مزید سات منزلوں تک کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ اسکندریہ کا شمار اُن صوبوں میں ہوتا ہے جہاں تعمیراتی قوانین کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں دیکھنے میں آتی ہیں۔ جنوری 2001 سے اب تک صوبے میں تقریبا 135193 تعمیراتی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا گیا۔ ادھر اسکندریہ کے گورنر کے مطابق 2011ء سے 2020ء تک صوبے میں تعمیراتی خلاف ورزیوں کے حوالے سے 1.33 لاکھ عمارتیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔