افغان طالبان نے معروف کامیڈین خاشہ جوان کو سرسری عدالت کے بعد قتل کیوں کیا؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

افغانستان کے جنوبی شہرقندھارمیں طالبان نے ملک کے معروف کامیڈین خاشہ جوان کو بے دردی سے گولی مار کر قتل کردیا ہے۔

مقتول کامیڈین کا اصل نام نذرمحمد تھا۔ان پر طالبان نے پہلے حملہ کیا تھا۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں طالبان انھیں پکڑکرلے جارہے ہیں اور ان کے چہرے پر تھپڑ مار رہے ہیں۔

Advertisement

افغان میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نامعلوم طالبان خاشہ جوان کو ان کے گھر سے کھینچتے ہوئے زبردستی لے گئے تھے،پھر ان کے ہاتھ ان کی پشت پر باندھ دیے اور ایک گاڑی میں بٹھا کر کہیں لے گئے۔بعد میں ان کی لاش قندھار کے ضلع ڈنڈ سے ملی تھی۔

افغانستان کی آریانا نیوزکی رپورٹ کے مطابق نائب صدر امراللہ صالح نے فیس بُک پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’طالبان کی ’کانگروکورٹ‘ نے کامیڈین کو سزائے موت سنائی تھی اور پھر انھیں موت کی نیند سلا دیا گیا۔‘‘

افغان نائب صدر مزید لکھتے ہیں کہ ’’کانگرو کورٹ میں خاشہ جوان کوموت کی نیند سلانے سے چندے قبل کی فوٹیج سے ظاہرہوتا ہے کہ طالبان شریعت کی پاسداری نہیں کرتے ہیں۔ان کی کوئی عدالت ہے اور نہ کوئی قانون۔اور نہ ان میں کوئی انسانیت ہے۔‘‘

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی بعض تصاویر میں سفید کفن میں لپٹی ان کی لاش ایک گاڑی میں پڑی دیکھی جاسکتی ہے اور اس کے ساتھ ان کے بچے بیٹھے ہوئے ہیں۔ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ طالبان نے انھیں کیوں قتل کیا ہے اور ان سے ایسا جرم سرزد ہوا تھا کہ انھیں طالبان کی عدالت نے سرسری سماعت کے بعد موت کی نیندسلانے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ افغانستان سے مئی میں امریکی اور نیٹو فوجیوں کے انخلا کے آغاز کے بعدسے سکیورٹی کی صورت حال تیزی سے ابترہوئی ہے۔طالبان نے جنگ زدہ ملک کے بہت سے اضلاع اور صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ قطرکے دارالحکومت دوحہ میں افغان حکومت اورطالبان کے درمیان جاری بات چیت میں لڑائی روکنے کے لیےکوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں