.
یمن اور حوثی

سعودی عرب پر دھماکا خیز ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لئے سرگرم عرب اتحاد کے مطابق سعودی عرب کے جنوبی سرحدی علاقوں کی طرف چھوڑے جانے والے بارودی حوثی ڈرون کو فضاء میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔

عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا کہ ’حوثی ملیشیا دانستہ طور پر شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنا کر اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ عرب اتحاد کی طرف سے بین الاقوامی قانون کے مطابق عام شہریوں کو خطرے سے بچانے کے لیے تمام عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں‘۔

یاد رہے کہ عرب اتحاد نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب جنوبی سعودی عرب پر حوثیوں کے چھ حملے ناکام بنائے تھے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے عرب اتحاد کے ترجمان کے حوالے سے بتایا تھا کہ ’ جازان ریجن میں اہداف کی جانب سے بھیجے گئے بارود سے لدے 2 ڈرون اور 4 بیلسٹک میزائل فضاء میں ہی تباہ کردیے گئے‘۔