بھارت: تیز رفتار ٹرک نےسڑک کے کنارے سوئے درجنوں مزدور کچل ڈالے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شمال مشرقی شہرلکھنٔو میں ایک سڑک کے کنارے سوئے مزدوروں پر تیز رفتار ٹرک چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں کم سے کم 18 مزدور ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔

بھارتی پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ واقعہ لکھنو سے شمال مشرق میں تیس کلو میٹر دور ایک مصروف شاہراہ پر بارا بانکے کے مقام پر پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی تین درجن محنت کش سڑک کے کنارے خراب بس کے نیچے سوگئے۔ یہ بس کچھ دیر قبل بہار جاتے ہوئے خراب ہوگئی تھی۔ اسی سڑک پرآنے والا ایک تیز رفتار ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے کھڑی بس سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں 18 مزدور ہلاک اور چوبیس زخمی ہوگئے۔ زیادہ تر افراد محنت مزدوری کرکے گھروں کو واپس لوٹ رہے تھے۔

ایک پولیس افسر یمونا پرساد نے بتایا کہ حادثہ انتہائی المناک تھا جس کے نتیجے میں 16 مزدور موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ دو شدید زخمی اسپتال میں دم توڑ گئے۔

پولیس عہدیدارنے بتایا کہ بس کے اندر بھی مسافر موجود تھے اور انہیں بتایا گیا تھا کہ بس اگلی صبح تک ٹھیک نہیں ہوگی۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں