یمن کے مغربی علاقے الحدیدہ کی جنوبی گورنری الدریھمی میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک شادی میں جانے والے متعدد عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ایک شادی کی تقریب میں جانے والی بس حوثیوں کی بچھائی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 14 عام شہری جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔

مقامی طبی ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ الدریھمی گورنری کے نواحی علاقے زیریں الحبجہ میں الشجیرہ گاؤں میں پیش آیا۔ شہریوں کی بس ایک شہری کی شادی کی تقریب میں جاتے ہوئے بارودی سرنگ سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں متعدد شہری مارے گئے۔

یمن آبزر ویٹری کے مطابق جاں بحق ہونے والے تین افراد کی شناخت ربیع عبداللہ سھل، یوسف عبداللہ حسن اور سعید مبروک ناجی کے ناموں سے کی گئی ہے۔

حادثے میں گیارہ شہری زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت احمد عيسي جابر، عايش عبدالله عمر، بہلول عبدالله محلوی، عبد السلام راجح جبران، عبدالله صالح عياش، محمد عيسي طالب، حزام عبدالله عمر، مثنى علي عمر، سامر محمد شريف، فؤاد يحي جمالي اور عصام كداف جابر کے ناموں سے کی گئی ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کے جسمانی اعضا الگ ہو گئے ہیں۔