.

الامارات کی دبئی آنے والے مسافروں کونمائش 2020ء کے ایک دن کے مفت پاس کی پیش کش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی کی ملکیتی فضائی کمپنی الامارات ایئرلائنز نے یکم اکتوبر 2021ء سے 31 مارچ 2022ء کے درمیان دبئی آنے والے مسافروں کونمائش2020ء کا ایک دن کا پاس مفت دینے کی پیش کش کی ہے۔

یہ پیش کش ان مسافروں کے لیے بھی مؤثر ہوگی جن کا دبئی میں چھے گھنٹے تک دوران سفر قیام ہوگا۔ہرمسافر حاصل کردہ ایک روزہ پاس سے ایکسپو 2020ء میں جاسکے کرے گا اور اس کی کوئی قیمت نہیں ہوگی۔اس پاس کو نقد رقم پرفروخت کیاجاسکے گا اورنہ اس کا تبادلہ کیا جاسکتا ہے۔

اس پیشکش سے استفادہ کرنے والے الامارات کے مسافروں کو اپنی تفصیل کمپنی کی ویب سائٹ پر فراہم کرنا ہوگی۔اس کے بعد ایئرلائنزکی جانب سے انھیں پاس ای میل کردیا جائے گا۔

تاہم الامارات کی ویب سائٹ واضح کیا گیا ہے کہ پروازمنسوخ یا تبدیل ہونے کی صورت میں ٹکٹ کارآمدنہیں رہے گا۔ البتہ اس کے بعد مسافرنئے ٹکٹ کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔

نمائش 2020ء(دنیاکے عظیم شو) کے آغاز میں صرف تین ماہ باقی رہ گئے ہیں۔اس کے ٹکٹوں کی باضابطہ فروخت 18 جولائی سے دنیا بھر میں شروع ہوچکی ہے۔ یہ نمائش چھے ماہ تک جاری رہے گی اور اس کا یکم اکتوبر 2021ء سےآغاز ہوگا۔

اس کے ایک دن کے ٹکٹ کی قیمت 95 اماراتی درہم(26 ڈالر)ہے،مسلسل 30 دن تک غیرمحدود داخلے کے ساتھ کثیر روزہ پاس کی قیمت 195 اماراتی درہم (53 ڈالر) ہے اور پورے چھ ماہ کے لیے لامحدود داخلے کے حامل پاس کی قیمت 495 اماراتی درہم (135 ڈالر) مقرر کی گئی ہے۔

18سال سے کم عمر بچّوں اورطالب علموں کے لیے ٹکٹ مفت ہوں گے، بشرطیکہ وہ دنیا کے کسی بھی تعلیمی ادارے سے ایک کارآمد طالب علم شناختی کارڈ کے حامل ہوں۔ پُرعزم لوگوں کو مفت ٹکٹ دیے جائیں گے اور ان کے ساتھی کو پاس پر50 فی صد رعایت ملے گی۔

یہ نمائش پہلے اکتوبر 2020ء میں منعقد ہونا تھی لیکن کروناوائرس کی وبا کی وجہ سے اس کواکتوبر2021 ء تک ملتوی کردیا گیا۔تب دنیا کی حکومتوں نے کرونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے اپنی سرحدیں بند کردی تھی اور آمدورفت کے زمینی اور فضائی رابطے منقطع ہوکررہ گئے تھے۔

چھے ماہ تک جاری رہنے والے اس میگا ایونٹ میں مختلف ممالک اور کاروباری وصنعتی اداروں کے پویلین ہوں گےجہاں وہ اپنی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کریں گے۔اس نمائش میں زائرین کی تفریح طبع کے لیے فنون اور ثقافت کے ساتھ ساتھ کھانوں سے لے کر ٹیکنالوجی تک رنگارنگ پروگرام پیش کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ وہ مختلف علاقائی اور ثقافتی میلوں اور کنسرٹس سے بھی محظوظ ہوسکیں گے۔