.
کرونا وائرس

پاکستان ،بھارت اور نائجیریا سے کارآمد ویزے کے حامل مکینوں کویواے ای میں داخلےکی اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات نے پاکستان ، بھارت اور نائجیریا سے تعلق رکھنے والے کارآمد ویزے کے حامل مکینوں کے ملک میں داخلے پر عاید پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن ایسے مکینوں کے یو اے ای میں داخلے کے ایک اورشرط یہ ہوگی کہ انھوں نے کووِڈ-19 کی ویکسین کے دونوں انجیکشن لگوارکھے ہوں۔

یواے ای کی قومی ڈیزاسٹراور کرائسیس مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) نے کہا ہے کہ ’’ان ممالک سے تعلق رکھنے والے امارات کے کارآمد ویزے کے حامل مسافروں کے داخلے پرعاید پابندی جمعرات پانچ اگست سے ختم کی جارہی ہے۔البتہ ایسے مسافروں کے پاس اماراتی حکام کا تصدیق شدہ مکمل ویکسین لگوانے کا سرٹی فیکیٹ ہونا چاہیے۔‘‘

این سیما کے مطابق ان مکینوں کو یواے ای کے سفرپر روانہ ہونے سے قبل آن لائن داخلہ کے اجازت نامہ کے حصول کے لیے درخواست دینا ہوگی اور انھیں روانگی سے 48 گھنٹے قبل کیے گئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔

یواے ای میں جولوگ طب ، تعلیم اور سرکاری شعبوں میں کام کرتے ہیں، تعلیم حاصل کررہے ہیں یا اپناعلاج کرارہے ہیں تو انھیں انسانی کیس کی بنیاد پر ویکسین لگوانے کی پابندی سے مستثنا قرار دے دیا جائے گا۔

این سیما نے اس کے علاوہ پانچ اگست سے پاکستان ، بھارت ،نائجیریا اور بعض دوسرے ممالک سے ٹرانزٹ پروازوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پرعاید پابندی ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

یواے ای نے چند ماہ قبل کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر جنوبی ایشیا اور افریقا کے بعض ممالک سے آنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔ نیپال ، سری لنکا اور یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے ٹرانزٹ مسافروں پر بھی یواے ای میں داخلے پر پابندی عاید کردی گئی تھی۔

این سیما کے مطابق’’جن ممالک کی پروازوں کو معطل کیا گیاتھا،وہاں کے مسافراپنے ہوائی اڈوں سے ٹرانزٹ پروازوں کے ذریعے جمعرات سے یواے ای کا سفر اختیارکرسکیں گے لیکن انھیں اپنی روانگی سے 72 گھنٹے قبل کیے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔‘‘

واضح رہے کہ یواے ای میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔اس دوران میں اوسطاً یومیہ 1532 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

دریں اثناء این سیما نے یو اے ای میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 1548 نئے کیسوں کی تشخیص اور چار کی اموات کی اطلاع دی ہے۔یو اے ای میں اب تک اس مہلک وائرس کے 685462 کل کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ان میں سے1960 مریض وفات پاچکے ہیں،662660 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور اس وقت کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد20842 ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں