.
کرونا وائرس

سعودی عرب:سائنوفارم یاسائنوویک کے ساتھ اضافی انجیکشن لگوانے والوں کوداخلے کی اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے چین کی ساختہ سائنوفارم یا سائنوویک کی ویکسین لگوانے والے غیرملکی سیاحوں کو اپنی منظورشدہ چارویکسینوں میں سے کسی ایک کا اضافی انجیکشن لگوانے کی صورت میں مملکت میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے اپنے ای ویزا پورٹل میں کہا ہے کہ ’’جن مہمانوں نے سائنوفارم یا سائنوویک کے دونوں انجیکشن لگوا رکھے ہیں، انھیں منظورشدہ چار ویکسینوں میں سے کسی ایک کا اضافی انجیکشن لگوانے کی صورت میں خوش آمدید کہا جائے گا۔‘‘

سعودی عرب نے اب تک کووِڈ-19 کی چارویکسینیں؛ فائزر،بائیو۔این ٹیک ، ماڈرنا ، آکسفورڈ۔آسٹرازینیکا اور جانسن اینڈجانسن،کے استعمال کی منظوری دی ہے۔چین کی دونوں ویکسینوں میں سے کسی ایک کے دونوں انجیکشن لگوانے غیرملکی سیاح ان میں سے کسی ایک ویکسین کا اضافی انجیکشن لگوا سکتے ہیں۔

سعودی عرب نے یکم اگست کو اپنی بین الاقوامی سرحدیں بیرونی سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دی ہیں لیکن حکومت کی منظورشدہ کووِڈ-19 کی چار ویکسینوں میں سے کسی ایک کے دونوں انجیکشن لگوانے والے افراد ہی مملکت میں داخل ہوسکیں گے۔

اس کے علاوہ سعودی عرب میں آنے والے غیرملکی مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی پیش کرنا ہوگی اور یہ ٹیسٹ ان کی بیرونی سفر پرروانگی سے 72 گھنٹے قبل کرایا گیا ہو۔انھیں متعلقہ ملک کے محکمہ صحت کے مجازحکام کا جاری کردہ ویکسین لگوانے کا سرٹی فیکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔

سعودی حکومت کے فیصلے کے تحت 49 ممالک کے شہری اب سیاحتی ویزے کے حصول کے لیے ’’اسپرٹ آف سعودی ‘‘(سعودی روح) کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں:visitsaudi.com

وزارت سیاحت نے مزید وضاحت کی ہے ویکسین لگوانے والے مسافروں کو سعودی عرب میں آمد کے بعد قرنطین میں رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس نے مزید کہا ہے کہ ماضی میں جاری کردہ سیاحتی ویزے پر سعودی عرب میں داخل ہونے والے تمام مسافروں کو ہوائی اڈوں پر آمد پر 40 سعودی ریال (10 ڈالر) اضافی ادا کرنا ہوں گے۔یہ اضافی رقم انشورنش کی مد میں وصول کی جائے گی اور اس سے کووِڈ-19 سے متعلق طبی اخراجات پورے کیے جائیں گے۔

دریں اثناء سعودی عرب میں بدھ کو کروناوائرس کے 1043 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے اور 14 مریض وفات پاگئے ہیں۔مملکت میں کرونا کی وَبا پھیلنے کے بعد سے 529995 کیسوں کی تشخیص ہوچکی ہے،ان میں سے 511318 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور8284 مریض چل بسے ہیں۔اس وقت مملکت میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد 10393 ہے۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت بھرمیں 587 ویکسین مراکز میں منگل تک ویکسین کی دوکروڑ80 لاکھ سے زیادہ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔سرکاری اعدادو شمارکے مطابق سعودی عرب میں روزانہ اوسطاً ویکسین کی 365000 سے زیادہ خوراکیں لگائی جارہی ہیں۔