.
کرونا وائرس

سعودی عرب :کووِڈ-19 کے یومیہ نئے کیسوں کی تعداد ایک ہزار سے کم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں ایک مرتبہ پھرکروناوائرس کے یومیہ تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد ایک ہزار سے کم ہوگئی ہے اور جمعرات کو وزارت صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 986 نئے کیسوں کے اندراج کی اطلاع دی ہے اور 13 مریض وفات پا گئے ہیں۔

سعودی عرب میں اب وَبا پھیلنے کے بعد سے کل کیسوں کی تعداد 530981 ہوگئی ہے۔ان میں سے 8297 مریض وفات پاچکے ہیں اور512373 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں آج سب سے زیادہ 189 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس کے بعد دارالحکومت الریاض میں 177 اور منقطہ شرقیہ میں 162 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔محکمہ صحت نے 1055 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ 5 اگست کو سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد 10311 تھی۔ان میں سے 1424 کی حالت تشویش ناک تھی۔

سعودی عرب میں اب تک 25 فی صد آبادی کو کرونا وائرس کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔مملکت میں اکتوبرتک 70 فی صد آبادی کو ویکسین لگادی جائے گی اور اس طرح ’اجتماعی قوتِ مدافعت‘(ہرڈ ایمیونٹی) کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔

سعودی وزارتِ صحت کے مطابق اب تک 80 لاکھ شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ-19 کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔یہ تعدادکل آبادی کے 25 فی صد کےبرابر ہے جبکہ ایک کروڑ 90لاکھ افراد(کل آبادی کا 56 فی صد) کو ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جاچکی ہے۔

سعودی عرب میں 587 ویکسین مراکز میں منگل تک ویکسین کی دوکروڑ80 لاکھ سے زیادہ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔سرکاری اعدادو شمارکے مطابق روزانہ اوسطاً ویکسین کی 365000 سے زیادہ خوراکیں لگائی جارہی ہیں۔

حکام کے مطابق اس سال اکتوبر تک کرونا وائرس اور اس کی نئی شکلوں سے تحفظ کے لیے اجتماعی قوت مدافعت کےہدف کے حصول کے ضمن میں وزارت صحت کی ویکسین لگانے کی مہم درست سمت میں جارہی ہے۔