حزب اللہ کے راکٹ حملے کے جواب میں اسرائیل کی جنوبی لبنان میں کارروائی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

اسرائیلی فوج نے آج جمعے کے روز ایک اعلان میں بتایا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ٹھکانوں کو بم باری کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ کارروائی لبنانی ملیشیا حزب اللہ کی جانب سے مذکورہ علاقے سے داغے جانے والے راکٹوں کے جواب میں کی گئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی لبنان سے 15 راکٹوں کے داغے جانے کے بعد گولان کی پہاڑیوں اور اسرائیل کے بالائی علاقے الجیل کے کئی دیہات میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ داغے گئے راکٹوں میں سے زیادہ تر کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔ یہ راکٹ دوف کے فوجی اڈے کی سمت داغے گئے۔ تاہم کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہ ہوا۔

Advertisement

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ہر حملے کا جواب دے گی۔ ادھر اسرائیلی وزیر دفاع نے اس جارحیت کے حوالے سے سیکورٹی مشاورت شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب حزب اللہ ملیشیا نے اسرائیل پر راکٹ داغنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملیشیا کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ راکٹ داغنے کی کارروائی اسرائیل کی جانب سے لبنان پر فضائی حملوں کے جواب میں کی گئی۔

لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی سمت راکٹوں کے داغے جانے کے بعد لبنان کے بعض سرحدی دیہات سے مقامی لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں۔

لبنان میں قومی خبر رساں ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ یہ راکٹ جبل الشیخ کی بلندیوں سے اسرائیل پر داغے گئے۔ اس وقت حاصبیہ اور عرقوب کی فضاؤں میں اسرائیلی طیاروں کی اڑان جاری ہے۔ مزید برآں یہ کہ اسرائیل کے دفاعی نظام "آئرن ڈوم" نے حزب اللہ کی جانب سے داغے گئے راکٹوں میں سے 10 کو مار گرایا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے کل جمعرات کو علی الصبح اعلان کیا تھا کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے لبنان کی اراضی کے اندر ان علاقوں کو نشانہ بنایا جہاں سے راکٹ گرینیڈز اسرائیل کی سمت داغے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے والے انفرا اسٹرکچر پر بھی حملہ کیا گیا۔

ادھر لبنانی پریذیڈینسی نے جمعرات کے روز ایک بیان میں اسرائیلی بم باری پر تبصرہ کیا۔ بیان میں بدھ کی شب لبنانی دیہات کو نشانہ بنانے کی کارروائی کو سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ بیان کے مطابق اس حوالے سے اقوام متحدہ میں شکایت پیش کرنا نا گزیر ہو چکا ہے تا کہ لبنان پر اسرائیل کے مسلسل حملوں پر روک لگائی جا سکے۔

کئی برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیل نے لبنان کے اندر علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائی میں جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بھرپور حملہ کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں ملیشیا کو بھاری مادی نقصان اٹھنا پڑا۔

مقبول خبریں اہم خبریں