مصر میں سیکورٹی ادارے سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک تصویر کی جانچ کر رہے ہیں۔ تصویر میں ایک خاتون کا پرس چھینے جانے کی کوشش کے دوران میں اسے گھسیٹا جاتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ الشرقیہ صوبے میں پیش آنے والے اس واقعے کے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

سوشل میڈیا کے بعض صارفین کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوان لڑکوں نے سڑک پر چلتی ایک خاتون کا پرس چھین لیا۔ خاتون نے پرس کو تھامے رکھا جس کے سبب وہ سڑک پر گھسٹتی چلی گئی اور اس کے جسم پر مختلف زخم آئے۔

یاد رہے کہ مصر میں المعادی کے علاقے میں ایک خوف ناک واقعہ دیکھا گیا تھا جب ایک لڑکی گھسیٹے جانے کے سبب اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ اس واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کیے جانے کے بعد عدالتی کارروائی کے ذریعے انہیں سزائے موت دی گئی۔